|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2023

کوئٹہ: جماعت اسلامی کا 82واں یوم تاسیس بلوچستان بھر میں منایاگیا یوم تاسیس کے پرچم کشائی،

سیمینار ،جلسے ودیگرتقاریب سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ، ژوب ،لسبیلہ ،حب ،کچھی ،بولان ،پشین ،کاریزات،خانوزئی ،چمن ،پنجگور ،سوئی ڈیرہ بگٹی ،جھل مگسی ،صحبت پور سمیت دیگر اضلاع میں منعقد ہوئے۔

اس موقع پر تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی وضلعی رہنمائوں نے کہاکہ بلوچستان بھر کے اسلامی،نظریاتی دینی کارکنوں کے لئے مقام شکر ہے کہ جماعت اسلامی نے غلبہ دین،

قرآن وسنت کی بالادستی اور اتحاد امت کی جدوجہد کو مسلسل جاری رکھا۔

ہر رکاوٹ آزمائش قید وبند پابندیوں کے باوجود یہ سفر جاری رکھا گیا ہے۔

26 اگست پر کارکن کے لئے نئے عزم ویقین اور اللہ سے کئے گئے عہد کے تجدید کا دن ہے۔ بہار ہو کہ خزاں اللہ کے دین کی حکمرانی اور محمدؐ کی شریعت کے غلبہ کے لئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

جماعت اسلامی نے سیاسی وقومی محاذ پر جمہوریت، آئین کی پاسداری، انسانی حقوق کے تحفظ، انسانوں کی بے لوث خدمات اور کارکنان کی عزت نفس،ذہن سازی اور کردار سازی کے عمل کوجاری رکھا ہے۔

جماعت اسلامی غلبہ دین، عدل وانصاف، آزاد ذمہ دار میڈیا، شفاف اورغیر جانبدارانہ انتخابات اور سول ملٹری، اسٹیبلشمنٹ، سیاسی پارلیمانی محاذوں کو آئین کا پابند بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جب تک سیاست کے ایوان میں دین کا دروازہ نہیں کھلتا اس وقت تک ملک میں امن، روزگار اور خوشحالی نہیں آئے گی۔ جماعت اسلامی قومیت و خاندان پر نہیں، بلکہ ایک امت پر یقین رکھتی ہے۔

امریکہ کے اشاروں پر چلنے والی جماعتوں کے منشور ضرور الگ الگ ہیں، مگر کرتوت ایک جیسے ہیں۔

جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی ودینی جماعت ہے جو ایک نظریے و فکر کی بنیاد پر 82 سال سے قائم ہے،

جس کی پوری قیادت کرپشن سے پاک ہے اور جس کے ارکان پارلیمنٹ نے استحقاق رکھنے کے باوجود پارٹی فیصلے کے مطابق کوئی سرکاری پلاٹ حاصل نہیں کیا۔

دنیا میں کوئی ایسی جماعت نہیں ہے جو 82 برس تک قائم ہو یہ اعزاز صرف جماعت اسلامی کو حاصل ہے۔

جب تک پاکستان کے سیاستدان ملک کو لوٹنا بند نہیں کریں گے، اس وقت تک ملک مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ ہمارامعاشرہ انحطاط کاشکار ہے اس کی وجہ سے ہمارے ہاں دودھ بھی خالص نہیں ملتا۔

ملک میں حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے پٹرول ،گیس ، بجلی وخوردنی اشیاء کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہے۔ بیوروکریٹ اورحکمران مل کر مہنگائی کررہے ہیں۔

بجلی کی ایک تقسیم کارکمپنی میں آنے والے ایک من پسندبیوروکریٹ میاں منشاء کی کمپنی سے مہنگے نرخوں پربجلی خریدنے کامعاہدہ کیاہے اوریہ رقم عوام کی جیب سے نکالی جائے گی۔ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے اوراس کے لیے جماعت نے بہت قربانیاں بھی دی ہیں۔