|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2023

کوئٹہ: نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کوئٹہ پریس کلب کا اہم دورہ کیا۔

جہاں ان کا کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند نے استقبال کیا۔

اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار و دیگر صحافی بھی موجود تھے۔

صدر پریس کلب عبدالخالق رند نے نگران وزیر اطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مسائل و مشکلات اور پریس کلب کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

نگران وزیر جان اچکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کی قیادت میں صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح وبہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،

صحافی معاشرے کی آنکھیں اور کان ہوتے ہیں،قلم کے ذریعے مثبت رپورٹنگ کرکے صحافی معاشرے کے ارتقاء میں نمایاں کردار اداکرسکتے ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات نے نے کوئٹہ پریس کے مختلف شعبوں کا معائنہ اور جائزہ لیا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے صحافیوں نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے اور انتہائی جانفشانی سے انہوں نے اپنے علاقے اور عوام کی نمائندگی کی ہے،

صوبائی حکومت ان کی کاوشوں کو سراہتی ہے اور یہ امید رکھتی ہے کہ صحافی بھی معاشرے کو سنوارنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پریس کلب اور صحافیوں کی فلاح و بہبود پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اس کے ساتھ صحافیوں کو درپیش مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نگران حکومت کا کام پر امن انتخابات کا انعقاد ہے۔

صوبہ میں امن و امان کے قیام کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، عوام کی شکایات کے ازالے،

روزگار کے مواقع پیدا کرنا، صحت کی سہولیات کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کرنے سمیت دور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دن رات محنت، لگن اور خلوص دل سے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

بعد ازاں نگران وزیر اطلاعات نے صدیق بلوچ میڈیا اکیڈمی کا بھی دورہ کیا اور اسکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔