|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2023

کوئٹہ:  نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے نگران وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی کے ہیڈکوارٹرز ایف سی بلوچستان (نارتھ) کوئٹہ کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ درحقیقت ایف سی بلوچستان صوبہ میں قیام امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دے رہی ہے اور بلوچستان کے عوام کی خدمت کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

حکومت بلوچستان امن و امان کو برقرار رکھنے میں ایف سی کے جوانوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے،

اور ہم ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورے پر نگران وفاقی وزیر داخلہ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ اس دورے سے ایف سی جوانوں کے حوصلے بلند ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ایف سی کے جوانوں اور ان کی دلیر قیادت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

ایف سی بلوچستان کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا۔نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے سینئر سیاستدان اور بی این پی (ایم) کے سربراہ سردار اختر مینگل کو یقین دلایا ہے کہ بلوچستان کی نگران حکومت کا انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

یہ یقین دہانی اختر جان مینگل کے ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے جواب میں سامنے آئی ہے،

جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بلوچستان میں نگراں حکومت کے ارکان کی بعض سیاسی جماعتوں سے سیاسی وابستگی ہے اور حلف اٹھانے کے بعد پارٹی سے استعفیٰ دینے سے کابینہ کے رکن کی وفاداری یا نظریاتی وابستگی میں کمی نہیں آئے گی ،

جان اچکزئی نے سینئر سیاستدان کو یقین دلایا کہ کابینہ کے ارکان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے اور وہ کسی بھی طرح سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مقرر کردہ قوانین کی خلاف ورزی میں حصہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے انتخابات کی شفافیت اور میرٹ کو مزید یقینی بنانے کے لیے سردار صاحب کی جانب سے کسی بھی جائز تجاویز کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ ان پر غور کرینگے۔