|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2023

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز  نےکہا ہےکہ انہیں ‎دکھ ہےکہ عوام کو بجلی کے بل میں اضافے جیسی مشکلات کا سامنا ہے،  نواز شریف ہی عوام کو  مہنگائی اور بجلی کے  بلوں میں اضافے سے بچائیں گے۔

لاہور  میں ن لیگ ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروں سےگفتگو میں مریم نواز  نےکہا کہ ن لیگ نے گزشتہ 16 ماہ میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایاہے، اب عوام کو مہنگائی سے بھی ہم ہی بچائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ موجودہ مسائل نے“ پروجیکٹ عمران” کے 4 سالہ دور فسطائیت سے جنم لیا ہے، نواز  شریف نے پہلے بھی عوام کو مہنگائی، دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، وہ ہی ایک بار  پھر عوام کو  مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچائیں گے،نواز شریف ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہوتی ہے جب خواتین کو اپنےشانہ بشانہ کھڑا دیکھتی ہوں، خواہش ہے آئندہ الیکشن میں نوجوانوں کو  زیادہ پارٹی ٹکٹ دیے جائیں، طالبات ن لیگ کی لیڈر شپ کو ہی پسند کرتی ہیں جو خوش آئند ہے، ن لیگ ملک میں سب سے بڑی یوتھ اور خواتین کی جماعت بن چکی ہے۔