|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2023

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام نے قوم پرستانہ سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مسترد کر دیا ہے۔

قوم پرستانہ سیاست نے 70 سال سے بلوچستان کی عوام کو پسماندہ رکھا ہے جس معاشرے میں قوم پرستانہ سیاست نہیں ہے وہ معاشرہ آگے ہے۔

بلوچستان کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار قوم پرست لیڈر ہے جن کے بچے لندن اور دبئی میں عیش عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں اور بلوچ نوجوان بے روزگار اور زندگی کی تمام سہولتوں سے محروم ہے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں پارٹی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کو خوشنما نعروں کے ذریعے بے وقوف بناکر ووٹ حاصل کرکے اقتدار کی کرسی تک پہنچے اور انہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں وہ قوم پرست جماعتوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے عوام عام انتخابات میں قوم پرستوں کا ووٹ کے ذریعے احتساب کریں گے جنہوں نے عوام کو نام نہاد نعروں کے پیچھے لگا کر خود ارب پتی بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے انشاء اللہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔

پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے اوربلوچستان کا وزیراعلیٰ ایک جیالا ہوگا۔