|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2023

نوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے رواں سال ہونے والی نوبل ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لئے روس ، بیلاروس اور ایران کو دی گئی دعوت منسوخ کر دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق نوبل فاؤنڈیشن نے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ وہ روس، بیلاروس اور ایران کے سفیروں کو اس سال اسٹاک ہوم میں ہونے والی نوبل ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو نہیں کرے گی۔

 

یاد رہے کہ نوبل فاؤنڈیشن نے گزشتہ برس بھی یوکرین پر حملے کی وجہ سے روس اور بیلا روس کے سفیروں کو مدعو نہیں کیا تھا۔

 

رپورٹس کے مطابق فاؤنڈیشن نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ رواں برس تینوں ممالک کو نوبل ایوارڈز کی تقریب میں مدعو کرے گی تاہم فاؤنڈیشن کے اس بیان کو بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کئی سویڈش سیاسی رہنماؤں نے اس کے ردعمل میں تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

بڑے پیمانے پر تنقید کے بعد فاؤنڈیشن کو اپنے پہلے کیے گئے فیصلے کو تبدیل کرنا پڑا اور تینوں ممالک کو دی گئی دعوت منسوخ کرنی پڑی۔