|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2023

پنجاب کے دوسرے سب سے بڑے شہر فیصل آباد میں ایک بینک کا ایریا مینیجر 8 برانچوں کے 500 سے زائد اکاؤنٹ ہولڈرز کے ساتھ مبینہ طور پر 60 کروڑ کا گھپلا کر کے مریکا فرار ہو گیا۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) کے حکام کے مطابق راجا عمار کیانی نے بینک کی آٹھ برانچوں کے عملے پر مشتمل ایک گینگ تشکیل دیا تھا، وہ اکاؤنٹ ہولڈرز کو زیادہ منافع دینے کا وعدے کرکے متوازی بینکنگ سسٹم چلا رہے تھے۔

راجا عمار کیانی کا اپنا دفتر بینک کی مدینہ ٹاؤن سوسن روڈ برانچ میں تھا، گزشتہ پانچ ماہ کے دوران تمام اکاؤنٹ ہولڈرز کو رقم جمع کرانے پر جعلی بینک رسیدیں جاری کی گئیں۔

یہ فراڈ اس وقت سامنے آیا جب کہ راجا عمار کیانی اور اس کے گینگ کے ارکان چند روز قبل بینک کی برانچوں سے غائب ہو گئے۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ایریا مینیجر کے علاوہ اس کے ساتھی بھی بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں، ایف آئی اے فراڈ کی مزید تحقیقات کر رہا ہے۔