|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2023

گوجرانوالا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کی سماعت میں سول جج نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، سیکرٹری پیٹرولیم اور کمشنر گوجرانوالا کو طلب کر لیا۔

ایڈوکیٹ منظور قادر بھنڈر کی جانب سے دائر کی گئی رٹ پٹیشن پر سماعت سول جج محمد اویس کی عدالت میں ہوئی۔

درخواست 16 ستمبر کو عدالت میں دائر کی گئی تھی جس میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ، سیکرٹری پیٹرولیم اور کمشنر گوجرانوالہ کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ ظلم اور زیادتی ہے۔

 

درخواست گذار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ روکنے کیلئے حکم امتناع جاری کیا جائے۔

سماعت کے بعد عدالت نے نگران وزیراعظم، سیکرٹری پیٹرولیم اور کمشنر گوجرانوالہ کو طلب کر لیا۔ عدالت نے تینوں کو 20 ستمبر کیلئے طلبی کا نوٹس جاری کرنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔

خیال رہے کہ حکومت نے 16 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔