جزیرہ نما شہر گوادر قدرتی بندرگاہ اور پاکستان چائنہ اقتصادی راہداری کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے.
اور دنیا کی نظریں اس خطے پر مرکوز ہیں۔سیاسی حوالے سے بلوچستان کا مغربی شہر قوم پرستوں کا گڑھ رہا ہے مگر وقت اور حالات بدلنے کے ساتھ ساتھ اب اس علاقے میں الیکشن کے وقت ووٹ اور نوٹ لازم و ملزوم بن چکے ہیں۔اس خطے میں قبائلی اور جاگیر دارانہ نظام نہیں مگر میر و معتبر اور مذہبی شخصیات کا ماضی میں الیکشن میں اہم رول رہا ہے۔
اور گزشتہ دو سالوں سے گوادر کی سیاست کافی حد تک بدل چکی ہے۔
1985 کے ضیا دور کے غیر جماعتی الیکشن سے لے کر 2018 کے عام انتخابات تک ضلع گوادر کے صوبائی اسمبلی کی نشست پر تین خاندان براجمان رہے ہیں اور گزشتہ پندرہ سالوں سے لگاتار میر حمل کلمتی تخت گوادر کے بے تاج بادشاہ رہے ہیں۔
1985 کے غیر جماعتی الیکشن میں گوادر دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مشتمل تھا، پسنی اور اورماڑہ سے ذکری فرقے کے مذہبی پیشوا سید داد کریم مرحوم جبکہ گوادر جیوانی کی نشست پر میر عبدالغفور کلمتی منتخب ہوگئے۔
1988 کے عام انتخابات میں پی این پی کے امیدوار میر حسین اشرف 14000 سے زائد ووٹ لیکر ایم پی اے گوادر منتخب ہوگئے اور اسکے مدمقابل آئی جے آئی کے امیدوار میر عبدالغفور کلمتی چھ ہزار ووٹ لے سکے۔
یاد رہے اسی سال پیپلز پارٹی کی بے نظیر بھٹو پاکستان کے پہلے خاتون وزیراعظم بنی تھیں اور پیپلز پارٹی کے مخالفین نے آئی جے آئی بنائی تھی اور یہ اسمبلیاں صرف دو سال بعد توڑ دی گئیں تھیں۔
1990 کے عام انتخابات میں ایک بار پھر گوادر سے میر حسین اشرف بارہ ہزار سے زائد ووٹ لے کر جیت گئے ۔
اور مخالف امیدوار عابد رحیم سہرابی ساڑھے پانچ ہزار کے قریب ووٹ لے سکے اور یہ اسمبلی بھی اپنی مدت پوری نہ کرسکی، یوں میر حسین اشرف اپنے دونوں ادوار میں پانچ سال پورے نہ کرسکا۔ اس کے بعد میر حسین اشرف اور ان کے صاحب زادے میر اشرف حسین گوادر کی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
1993 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے سید شیر جان بلوچ نے معمولی ووٹوں کے فرق سے بی این ایم کے میر عبدالغفور کلمتی کو ہرایا جبکہ میر حسین اشرف چھ ہزار کے قریب ووٹ حاصل کرگئے اور یہ اسمبلی بھی حسب روایت اپنی مدت پوری نہ کرسکی۔
1997 کے الیکشن میں بی این پی متحدہ کے میر عبدالغفور کلمتی دس ہزار سے زائد ووٹ لے کر ایم پی اے منتخب ہوگئے جبکہ مدمقابل بی این ایم کے عابد رحیم سہرابی چھ ہزار کے قریب اور آزاد امیدوار حسین اشرف چار ہزار سے کم ووٹ حاصل کرلئے۔
میر عبدالغفور کلمتی سردار اختر جان مینگل کے کابینہ میں وزارت کھیل و ثقافت مقرر ہوئے۔ بی این پی اندورنی اختلاف کا شکار ہوکر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی، اور اپنی مدت پوری نہ کرسکی اور پھر 12 اکتوبر 1999کو پرویز مشرف نے نواز حکومت کا تختہ الٹ کر تمام اسمبلیاں تحلیل کردیں۔
بی این پی متحدہ کئی دھڑوں میں تقسیم ہوگئی اور میر عبدالغفور کلمتی بلوچستان نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کا حصہ بن گئے۔
2002مشرف دور حکومت میں جب انتخابات ہوئے تو وفاق کی طرح بلوچستان میں بھی مسلم لیگ ق کو اقتدار ملی۔
جب گوادر کی نشست پر آزاد امیدوار سید شیر جان بلوچ کامیاب رہے اور بی این ایم کے عابد رحیم سہرابی ساڑھے نو ہزار ووٹ جبکہ سید شیر جان نے بارہ ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرلئے۔ سید شیر جان بلوچ الیکشن جیتنے کے بعد مسلم لیگ ق میں شامل ہوگئے اور صوبائی وزیر کے منصب پر فائز رہے۔
2008 کے الیکشن میں گوادر سے میر عبدالغفور کلمتی کے صاحبزادے میر حمل کلمتی پہلی بار میدان میں آگئے جبکہ بلوچستان بھر میں قوم پرستوں جماعتوں نے اس الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا۔جب کہ گوادر میں بائیکاٹ کے باوجود نیشنل پارٹی نے مسلم لیگ ق کے امیدوار میر حمل کلمتی کو نہ صرف سپورٹ کیا بلکہ انتخابی مہم میں نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے ق لیگ کے امیدوار کے لیے کام بھی کیا۔
میر حمل کلمتی 15000سے زائد ووٹ لیکر ممبر صوبائی اسمبلی بن گئے اور صوبائی وزیر ماہی گیری بن گئے۔ان کے مدمقابل آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والا میر اشرف حسین نے 8 ہزار سے زائد اور سید معیار جان نوری نے سات ہزار کے قریب ووٹ حاصل کرلئے۔ سید معیار جان تحصیل ناظم پسنی بھی رہ چکے ہیں اور یہ عام انتخابات میں سید معیار جان کی پہلی اور اہم انٹری تھی۔ اس وقت سید معیار جان ضلعی چیئرمین گوادر کے منصب پر براجمان ہیں۔
2013 میں بلوچستان میں انسرجنسی کا ماحول تھا اور تحصیل پسنی کے زیادہ تر پولنگ بوتھ میں ووٹر نظر نہیں آئے۔ جبکہ ماضی کے حریف نوری فیملی اور کلمتی فیملی اب حلیف بن گئے تھے۔ صوبائی اسمبلی کی نشست پر میر حمل کلمتی جبکہ گوادر کم کیچ کے قومی اسمبلی کی نشست پر سید عیسیٰ نوری الیکشن لڑرہے تھے۔ بی این پی کے امیدوار میر حمل کلمتی چودہ ہزار کے قریب ووٹ لے کر دوسری مرتبہ کامیاب ہوئے جبکہ اسکے مدمقابل نیشنل پارٹی کے میر یعقوب بزنجو چھ ہزار جبکہ مسلم لیگ ن کے میر اشرف حسین تین ہزار کے قریب ووٹ لے سکے۔ قومی اسمبلی کی نشست پر پہلی بار ضلع گوادر کے سید عیسیٰ نوری کامیاب ہوئے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ گوادر کو قومی اسمبلی کی نشست ملی۔
2018 کے الیکشن میں بھی یہ اتحاد برقرار رہا اور بی این پی کے امیدوار میر حمل کلمتی 31000 سے زیادہ ووٹ لیکر گوادر کی نشست جیت گئے جبکہ انکے مدمقابل بلوچستان عوامی پارٹی کے میر یعقوب بزنجو سولہ ہزار سے زیادہ اور نیشنل پارٹی کے میر اشرف حسین سات ہزار سے زائد ووٹ لے سکے اور گوادر کے انتخابی تاریخ میں اسی الیکشن میں سب سے ووٹ پڑے اور ٹرن آؤٹ پچاس فیصد سے زائد رہا۔2013 کی نسبت اس مرتبہ گوادر کے حالات بھی بہتر تھے کیونکہ 2013 میں انسرجنسی کی وجہ سے زیادہ تر پولنگ ویران تھے۔
اس مرتبہ انتخابی مہم میں کافی جوش و خروش رہا اور گوادر کے نوجوان ووٹرز نے پولنگ بوتھ کا رخ کیا ۔
2024کے متوقع الیکشن کے حوالے سے گوادر کی سیاست کافی حد تک بدل چکی ہے۔ اس وقت گوادر میں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں ایک نئی تحریک حق دو تحریک ابھر کر سامنے آئی ہے اور ضلع بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد اس وقت حق دو تحریک کے ساتھ ہے۔ گزشتہ سال ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں گوادر شہر میں آل پارٹیز اتحاد کے نام پر گوادر کے متعدد سیاسی پارٹیوں پر مشتمل اتحاد کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی
جبکہ پسنی اور اورماڑہ شہر میں بھی حق دو ایک بڑی تحریک بن کر ابھری ہے۔
بی این پی مینگل البتہ اپنے اتحادیوں نوری پینل اور سید مہیم جان پینل کے ساتھ ملکر پسنی،اورماڑہ اور جیوانی کے تحصیل چیرمین شپ کے ساتھ ساتھ ضلعی چیئرمین لانے میں کامیاب ہوگئے۔جبکہ نیشنل پارٹی کو ضلع بھر میں عبرتناک شکست سے دو چار ہونا پڑا۔
الیکشن میں ابھی چند ماہ باقی ہیں اور امکان ہے اس مرتبہ نئے اتحاد بن سکتے ہیں اور گوادر کی سیاسی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ ماضی کے حریف اس مرتبہ حلیف بن جائیں گے اور ذکری فرقے کے مذہبی پیشواؤں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے سرتوڑ کوششیں کریں گے۔