|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2023

اسلام آباد: گوادر ٹرانس شپمنٹ مہم کو مزید فروغ دینے کیلیے گوادر پورٹ پر 34 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد سے بھرا ایک میگا جہاز پہنچ گیا ہے جسے پاک افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت پروسیس کرکے افغانستان بھیجا جائے گا۔

گوادر پرو کے مطابق34 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد سے بھرا ہوا جہاز پیسیفک انٹیگریٹی گوادر بندرگاہ پہنچا، یہ کھاد گوادر فری زون کے علاقے میں رجسٹرڈ دو نجی اداروں ایگوین پرائیویٹ لمیٹڈ اور کے بی فرٹیلائزر کے مشترکہ منصوبے کے ذریعے درآمد کی گئی ہے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ کھاد اتارنے کے بعد اگلا قدم گوادر فری زون میں دونوں اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر سب لیز پر لئے گئے گودام میں بڑی مقدار میں کھاد پیک کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام پیکٹ ٹرکوں کے ذریعے افغانستان لے جائے جائیں گے۔

ماہر اقتصادیات شاہد حسین نے گوادر پرو کو بتایا کہ جب چین، افغانستان اور دیگر وسطی ایشیائی معیشتیں زمینی راستوں کے ذریعے گوادر سے منسلک ہوں تو پاکستان ٹرانس شپمنٹ کی اپنی حقیقی صلاحیت تک پہنچ سکتا ہے۔