|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2023

اردن نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے جواب میں اسرائیل سے اپنے سفیر کو فوری طور پر واپس بلا رہا ہے، اور کہا ہے کہ اسرائیل بھی اپنا سفیر عمان بھیجنے سے گریز کرے۔

 اردن کی وزارت خارجہ نے ایک بیان نے کہا کہ اسرائیل غزہ پر وحشیانہ بمباری سے انسانی تباہی پیدا کر رہا ہے ،اورسفیر کو واپس بلاناغزہ میں بے گناہ لوگوں کو مارنے والی اسرائیلی جنگ کی مذمت کا اظہار ہے۔

بیان کے مطابق سفیروں کے دوطرفہ تبادلے کا معاملہ اب غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوانے سے مشروط ہے۔

 اردن کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق غزہ جنگ کے تناظر میں اردن کے اندر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر عمان میں تعینات اسرائیلی سفیر دو ہفتے قبل اسرائیل چلے گئے وہ بھی اب صرف غزہ میں جنگ بندی کی صورت میں ہی واپس آ سکیں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی اور لاطینی امریکا کے 3 ممالک بولیویا، کولمبیا اور چلی نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے جنگی جرائم کے ارتکاب اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کر دیئے ہیں۔