|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2023

قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کا کہنا ہتے کہ  غزہ میں قید یرغمالیوں کی رہائی کےلیےکوششیں جاری ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزیف بوریل نے دوحہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر قطری وزیر اعظم نے کہا کہ اب زیادہ پراعتماد ہیں کہ یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس اور اسرائیل کی ڈیل ہوسکتی ہے، جوزیف بوریل سے غزہ میں فوری جنگ بندی پر بات چیت ہوئی۔

 

قطری وزیراعظم نے کہا کہ غزہ کے شفا اسپتال میں جو کچھ ہوا وہ جرم ہے،غزہ میں قید یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات میں جو چیلنجز باقی ہیں وہ بڑے بہت معمولی ہیں۔

دوسری جانب امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس غزہ میں 5 روز کے لیے جنگ بندی پر رضا مند ہو گئے ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی کی ڈیل پر رضا مند ہوگئے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں لڑائی میں 5 دن کے وقفے پر اتفاق کیا ہے۔

تاہم امریکی اخبار کی رپورٹ پر اسرائیلی حکام کی جانب سے کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے البتہ ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔