اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ ہم اپنی تمام آئینی و قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
قومی ووٹرز ڈے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے، چند روز میں ڈی آر او،آر او اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا۔
سکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ چند روز میں الیکشن شیڈول دے دیا جائے گا، پولنگ 8 فروری 2024 کو ہو گی، الیکشن کمیشن یقین دلاتا ہے دوران الیکشن آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا عوام ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں، پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں، عوام سے اپیل ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ انتخابی عمل عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی ہے۔