|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2024

نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ووٹ کے ذریعے بلوچستان کے عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے، الیکشن میں قوم پرست جماعتوں کو خاص کامیابی نہیں ملی، الیکشن کے نتائج پر جن کو تحفظات ہیں وہ عدالت جائیں۔

جان اچکزئی نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ ن لیگ ،پیپلزپارٹی اور دیگر جیتنے والوں نے انتخابات کے نتائج تسلیم کر لیے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کا الیکشن تسلیم کرنا کامیابی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ احتجاج کے باعث راستے بند کرنے سے عوام اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ہمیں مسافر خواتین، بزرگوں اور بچوں کی مشکلات کا احساس کرنا ہوگا۔

نگراں وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ انتظامیہ شاہراہوں سے رکاوٹیں دور کر رہی ہے اور صوبے کا نظام بحال کردیا گیا ہے، ژوب، ڈی آئی خان کی شاہراہ کھول دی گئی ہے اور کچھ جگہوں پر رکاوٹیں باقی ہیں جو ختم کر دی جائیں گی۔