|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2024

ابوظہبی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات میں 95 ملین ڈالرز کی مالیت سے بنائے گئے پہلے مندر کا افتتاح کردیا جس کے لیے 27 ایکڑ زمین شیخ محمد بن زائد نے تحفتاً دی تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابوظہبی میں بھارتی وزیراعظم نے اماراتی وزیرِ رواداری اور ہزاروں ہندوؤں کی موجودگی میں متحدہ عرب امارات کے پہلے مندر کا افتتاح کیا۔

اس مندر کے افتتاح کے ساتھ ہی وزیراعظم نریندر مودی کا متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ اختتام پذیر ہوگیا۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان کئی بڑے تجارتی معاہدے بھی طے پائے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 35 لاکھ ہندوؤں کے لیے یہ پہلا مندر ہے جسے روایتی پتھروں کو بھارت سے تراش کر ابوظہبی لایا گیا تھا۔ اس مندر کا سنگ بنیاد 2019 میں ہندوؤں کے ایک پیشوا نے کیا تھا۔

 

مندر کی لمبائی 262 فٹ، چوڑائی 180 فٹ اور اونچائی 108 فٹ ہے جب کہ اس میں 410 ستون، 12 اہرام کی چوٹیاں، 2 گنبد ہیں۔ مندر کی تعمیر ایسے کی گئی ہے اس پر 7 شدت کے زلزے کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں وزیراعظم مودی نے ہی بھارت میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کا افتتاح بھی کیا تھا اور اب متحدہ عرب امارات کے پہلے مندر کا بھی افتتاح کیا جسے اس سال ہونے والے الیکشن کی انتخابی مہم قرار دیا جا رہا ہے۔