|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2024

 ماسکو: روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی جو صدر ولادیمیر پوتن پر کڑی تنقید کے باعث سزا کاٹ رہے تھے آج جیل میں پُر اسرار طور پر انتقال کرگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جیل سروس نے بتایا کہ الیکسی ناوالنی جیل میں اپنی بیرک سے سیر کے لیے نکلے تھے اور بے ہوش ہوگئے جس کے بعد ڈاکٹرز نے انھیں بچانے کی کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

یاد رہے کہ روس کے سب سے سرکردہ اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی نے ولادیمیر پوتن پر متعدد بار کرپشن کے الزامات لگائے اور کڑی تنقید کی۔ جس پر انھیں 2021 میں جرمنی سے واپسی پر گرفتار کیا گیا تھا۔

الیکسی ناوالنی کو 19 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور گزشتہ برس کے آخر میں انھیں شمالی سائبیریا کے علاقے کی آرکٹک جیل کی کالونی میں منتقل کیا گیا تھا۔

47 سالہ الیکسی ناوالنی آرکٹک جیل کالونی میں 19 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔ ان کی اچانک موت کا تعین نہیں ہوسکا تاہم تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

دوسری جانب اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کی پریس سیکرٹری کیرا یارمیش نے بتایا کہ ان کی ٹیم کو الیکسی کی موت کی اطلاع نہیں دی گئی۔ ان کے وکیل کو جیل کے لیے روانہ کردیا گیا۔