|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2024

کوئٹہ:بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ سینئر سیاست سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کو گھپ اندھیروں سے نکالنے کیلئے کوہ سلمان سے جیونی تک علمی مزاحمت کا آغاز کرکے والدین اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں

،یہ بات انہوں نے گزشہ روز سرکی کلاں کے دورے کے موقع پر محمد اسماعیل بازئی کی رہائش گاہ پر حلقہ کے لوگوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے این اے 263 پر بھرپور حمایت اور اکثریت سے کامیاب کرانے پر حلقہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا

کہ میرا کوئٹہ شہر اور صوبے کے لوگوں کے ساتھ صدیوں پر محیط تاریخی ، قومی رشتہ ہے جس کی بنیاد پر گھر آئے اقتدار کو ٹھوکر مارکر میں اور میرے ساتھی ووٹرز کے دروازے پر گئے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں وسائل کی لوٹ مار کو بدستور برقرار رکھنے کیلئے گزشتہ تین انتخابات میں ان کے عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میرا سیاسی ہدف اپنے لوگوں کی نمائندگی کرنا ہے اور میری کمٹمنٹ اپنے وطن اس کی مٹی اور لوگوں کے ساتھ ہے ، عوام کی طاقت سے قومی حقوق کی جدوجہد اور اپنی سیاسی جمہوری اور علمی مزاحمت کو آگئے بڑھائیں گے بلوچستان کے لوگوں کو قطعاً مایوس نہیں ہونا ، کوہ سلمان سے جیونی تک والدین صوبے میں عملی مزاحمت کا آغاز کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کریں تاکہ یہ بچے آئندہ نسل کو مایوسی کے گھپ اندھیروں سے نکالیں۔