کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی کے 3نومنتخب آزادامیدواروں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے
،جس کے بعد بلوچستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 14 ہو جائے گی ۔ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 39 کوئٹہ سے کامیاب آزاد امیدوار بخت محمد کاکڑ ،حلقہ پی بی 41 کوئٹہ سے حاجی ولی محمد نورزئی اور حلقہ پی بی پی بی 51 چمن سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی نے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اس وقت بلوچستان اسمبلی میں 11نشستیں حاصل کرچکی ہے۔ 3آزاد امیدواروں کی شمولیت کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تعداد 14ہوجائے گی۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان تعداد 10 ہے۔ آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ اور لیاقت علی لہڑی کی شمولیت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 12ہو گئی ہے۔ آزاد امیدوار مولوی نوراللہ نے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔آج آزاد اراکین کی شمولیت کا حتمی اعلان متوقع ہے۔