|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2024

کوئٹہ:بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری و مضر صحت اشیاء تیار کرنے والے دو کارخانے دھر لیے۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق غیر قانونی ٹکی ٹافی و مصری کارخانہ اور پاپڑ فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر فیکٹری مالکان کو تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل تک پروڈکشن بند کرنے کی ہدایت کی گئی۔

کوئٹہ کے علاقوں سرکی روڈ اور جتک اسٹاپ میں واقع مذکورہ دونوں کارخانوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی ، کارخانوں میں تیار کردہ اشیاء کی رجسٹریشن اور فیکٹری لائسنس نہیں تھے جبکہ کارخانوں کے پروڈکشن احاطوں میں صفائی و اشیاء ذخیرہ کرنے کے انتظامات انتہائی خراب ، مشینری آلودہ ، پروڈکشن میں زیرِ استعمال اجزاء و کیمیکلز بغیر ایکسپائری تواریخ کے جبکہ ورکرز کی ذاتی صفائی کی حالت ابتر پائی گئی۔

علاوہ ازیں ناقص ملاوٹی، و زائد المعیاد کھانے پینے کی اشیاء کی تدارک کیلئے بلوچستان کی جاری کاروائیوں کے دوران سبزل روڈ میں 3 ، طوغی روڈ میں 5 ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں 2 ملک شاپس سمیت 4 جبکہ ضلع تربت میں 3 خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ کوئٹہ شہر میں کاروائیوں کے دوران مراکز سے پکڑی گئیں ایکسپائرڈ و پابندی عائد مصنوعات کو ضبط جبکہ تربت میں موقع پر تلف کردیا گیا۔