کوئٹہ:کوئٹہ کی احتساب عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے آمدن سے زائد اثاثے کے کیس میں عدم حاضری پر جائیداد منجمد کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے جائیداد ضبطگی کیلئے کوئٹہ، لاہور اور اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر وں کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد جمشید خان نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے متعلق درخواست کی سماعت کی،،سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری عدالت میں پیش نہیں ہوئے،دوران سماعت عدالت میں چیرمین نیب کی جانب سے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جائیداد منجمد کرنے کی درخواست پیش کی احتساب عدالت نے چیرمین نیب کی درخواست کی منظوری دیتے ہوئے قاسم سوری کی کوئٹہ،لاہور اور اسلام آباد میں جائیداد منجمد کرنے کا حکم دے دیا،
عدالت نے، کوئٹہ،لاہور اور اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنرز کو نوٹسز ارسال کردیے ،،عدالت نے قاسم سوری کو اپنے دفاع کیلئے 15 دن کی مہلت دی ہے۔ 15 دن کے اندر قاسم سوری نوٹسز کا جواب نہیں دیتے تو مذکورہ منجمد کردہ جائیداد کے حوالے سے مزید کارروائی کی جائے گی۔