کوئٹہ :بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہر سال دو مارچ کو بلوچستان سمیت دنیا بھر میں بسنے بلوچ بطورِ ثقافتی دن کے مناتے ہیں اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی دو مارچ بلوچ ثقافتی دن کے طور پر منایا جائے گا
اور تنظیم اس دن بلوچستان بھر میں سیمینارز، ثقافتی نمائش، محفل موسیقی سمیت مختلف تقاریب کا انعقاد کروا کر بلوچ ثقافت کو زندہ رکھنے کے عزم کا اعادہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے کئی سال قبل جب خضدار میں طلبہ نے دو مارچ کو بلوچ ثقافتی دن کے طور پر منانا اور تقاریب کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا
تو بلوچ دشمن قوتوں نے ایسے ایک تقریب پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد نوجوان شہید و زخمی ہوئے۔ جس کے بعد یہ دن دنیا بھر میں بسنے والے بلوچوں کے لئے قومی یکجہتی کی علامت بن گئی۔تنظیم شہدا خضدار کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ انہوں نے جس مقصد کے لئے اپنا لہو دیا وہ ہرگز رائیگاں ہونے نہیں دینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دو مارچ کو مرکزی تقاریب شال و گوادر میں منعقد ہونگے، جب کہ اوتھل، کوہلو سمیت دیگر زونز میں بھی تقاریب شیڈول ہیں۔علاوہ از ایں اس بیان کے توسط سے تنظیم کے تمام زونز کو ہدایت جاری کرتے ہیں کہ وہ دو مارچ کو اپنے اپنے طور پہ تقاریب کا انعقاد کریں۔