|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2024

کوئٹہ: ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کوسٹ گارڈز کے چیک پوسٹوں پر مال بردار گاڑیوں،مسافر بسوں کی بیجا چیکنگ اور ڈرائیورز کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان قانونی تجارت کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرے گی۔

گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کوسٹ گارڈز کی جانب سے ناصرف ایک اور چیک پوسٹ بنا دیا گیا ہے بلکہ نئے اور پہلے سے موجود چیک پوسٹوں پر اسمگلنگ کو روکنے کے نام پر مسافروں اور ڈرائیورز کو بے جا طور پر روک کر ہراساں کیا جا رہا ہے ایسے اقدامات کو ہم قانونی تجارت کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں اور اس کے خلاف ہر فورم پر صدائے حق بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈز کی جانب سے مال بردار گاڑیوں اور مسافر بسوں کو روکنا قابل افسوس ہے کوسٹ گارڈز عملے کے ناروا رویے کے باعث اکثر و بیشتر تاجر،ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو مشکلات درپیش آتی ہیں بلکہ وہ سراپا احتجاج بن جاتے ہیں جس کی وجہ سے سفر کرنے والوں کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے مال بردار گاڑیوں ودیگر کی بے جا چیکنگ پر تشویش کا اظہار کیا

اور کہا کہ اس سے قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے ہم ایسے کسی بھی اقدام پر خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اس کے خلاف ہر فورم پر صدائے حق بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر بلوچستان کی صنعت و تجارت،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ان شعبوں سے وابستہ افراد کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی کو بھی ان کے ساتھ امتیازی اور ناروا سلوک کا حق نہیں دیا جائے گا بلکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کرے گی۔