|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2024

کوئٹہ:نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی کو مبارکباد اورانکے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکر تے ہوئے کہا کہ 6 ماہ کے دوران بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کوشش کیں،نگراں حکومت کا کرپشن کاکوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا،نگراں حکومت بلو چستان آنے والی صوبائی حکومت کے لئے 50ارب روپے خزانے میں چھوڑ رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو سول سیکر ٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ نگراں حکومت کی طرف سے نئی اسمبلی کو خوش آمدید کہتا ہوں ہمارے لئے اپنی سر زمین سے غیر ملکیوں کو نکالنا سب سے بڑا چیلنج تھا جس میں ہم کامیاب ہوئے امید ہے نئی آنے والی حکومت اس پالیسی کو جاری رکھے گی، 6ماہ میں پاکستان کے اہم مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی گئی اور7لاکھ غیر ملکیوں کو انکے وطن واپس بھیجا۔انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت کولگام ڈالی معیشت مستحکم کی اسمگلنگ کو کنٹرول کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے افغان ٹرانزٹ ریورس ٹریڈ کے ذریعے اسمگلنگ حوالہ اور ہنڈی کو روکا آنے والی حکومت کے لئے مہنگائی کنٹرول اور عام آدمی کو ریلیف دینا اہم ہو گا

بارڈرز پر پاسپورٹ سسٹم کااطلاق اہم کارنامہ ہے اب کوئی بھی غیر ملکی بغیر دستاویزات کے پاکستان میں داخل نہیں ہو گا۔جان اچکزئی نے کہا کہ نگراں حکومت بلو چستان نے 6ماہ میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی آرمی چیف کے وژن کی وجہ سے دہشتگردوں کو ملک بھر میں بھاری نقصان اٹھانا پڑاریاست پوری طاقت سے دہشت گردوں کو کچلے گی اورہر صورت شہداء کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت کا کرپشن کاکوئی بڑا اسکینڈل سامنے نہیں آیا بلوچستان کا مسئلہ کرپش اور بیڈ گورننس ہے آنے والی صوبائی حکومت کے لئے 50ارب روپے خزانے میں چھوڑ رہی ہے امید ہے نئی آنے والی حکومت قومی خزانہ درست راستے پر خرچ کرے گی۔