کوئٹہ+اندرون بلوچستان:کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف علاقوں میں مو سلا دھار بارش اور پہاڑوں سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑوں اور زمین نے سفید چادر اوڑھ لی جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ، گیس اوربجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہر یوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ پیر کو بلوچستان میں مغربی ہوائوں کا سسٹم داخل ہو نے کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور شمال مغربی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔
وادی زیارت ، مستونگ ، کان مہترزئی ، شیلا باغ میں وقفے وقفے سے برفباری اور آواران، جعفر آباد، جھل مگسی، کیچ، خاران، خضدار، نصیر آباد، صحت پورمیں مو سلا دھار بارش جبکہ چمن، بار کھان، چاغی، دکی، ڈیرہ بگٹی، گوادر، ہرنائی، قلات، کچھی، بولان، کو ہلو، لسبیلہ، لورالائی، مستونگ، مو سیٰ خیل، پشین، پنجگور، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ، شیرانی، سبی، سوراب، اوستہ محمد، واشک، ژوب، کان مہترزئی، سکندر آباد میں ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ جا ری رہا جس کے بعد جاتی سردی ایک مر تبہ پھر لوٹ آئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والے سسٹم کے تحت صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود اور بارش کا سلسلہ جاری ہے
جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نو کنڈی میں 17ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے،کوئٹہ اوردالبندین میں 11، قلات میں 10 ، خضدار میں 8، پنجگور میں 2، لسبیلہ، تربت اور اور ماڑہ میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ وادی زیارت میں 5 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ،کوئٹہ کے نواحی علاقے لک پاس اور اطراف کے پہاڑوں میں برف باری ہوئی ہے،برفباری کے باعث شہر پہاڑوں نے دلکش منظر پیش کیا جس سے متاثرہو کر سیاحوں نے بھی پکنک پوائنٹ کا رخ کر لیا ۔ ،بلوچستان میں برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں بھی کافی اضافہ دیکھا گیا ہے
صوبے بھر میں گیس پریشر میںکمی کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار رہے جبکہ بجلی کی بندش نے مسائل کو دوگنا کردیا ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان اور ڈائریکٹر عطاء اللہ مینگل دیگر آفیسران اور عملے کے ہمراہ خانوزئی ، کان مہترزئی اور دیگر مقامات پر ہیوی مشینری سے برف ہٹانے کے کام کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں بارش اور برفباری کی پیشنگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا اور ہیوی مشینری مختلف مقامات پر پہنچائی گئی تھی اور ہماری ٹیمیں گزشتہ شب سے ہی سڑکوںپر دیگر محکموں کے ہمراہ کام کررہی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں بارشوں کے باعث کوئٹہ کے اکثر فیڈر ٹرپ کر گئے،
جس سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کو بجلی معطل ہوگئی ، کوئٹہ شہر کے 17فیڈر ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔متاثرہ فیڈرز میں گلستان، سریاب مل، اولڈ جان محمد، سریاب ٹو، سیٹیلائٹ ٹان، خیر بخش مری، جبل نور ، دوستین، ادیان، داریم، خروٹ آباد، ایئر پورٹ، چشمہ،بروری، سرکی روڈ، اے ون سٹی شامل ہیں۔
دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ادھرمکران ڈویژن میں چھوٹے بڑے مقامی ندی نالوں میں شدید طغیانی سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔ قلات کے سیاحتی مقام کوہ ہربوئی سرخین محمد تاوہ نیچارہ اسکلکو سمیت دیگر علاقوں میں برفباری ہوئی قلات شہر و گردونواح میں تیز ہواں کے ساتھ بارش وقفے وقفے سے جاری رہا بارش کے بعد برفباری بھی ہوئی سیاحوں نے ہربوئی کا رخ کرلیا ۔ لورالائی، میختر، گردونواح سمیت دیہی علاقوں میں موسلادھار بارش گزشتہ رات سے جاری رہنے سے ندی نالوں میں طغیانی ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا پیش آئے دوسری جانب موسلادھار بارش سے سردی کے شدت میں اضافہ سے سوختی لکڑیوں کے مانگ میں اضافہ سے لوگوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کردئیے سردی سے بازار ویران دیکھائے دے رہے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ۔
بارش کی وجہ سے صحبت پور ضلعی ہیڈ کوارٹر کا دیگر تحصیلوں سے رابطہ منقطع حسبِ روایت بجلی غائب اور لکڑیاں ،گھریلوں سلیڈر بھی مہنگا ہو چکے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے تفصیلات کے مطابق صحبت پور کی تحصیل پہنور سنہڑی، تحصیل مانجھی پور، سب تحصیل سعید خان کنرانی، تحصیل حیردین اور تحصیل فرید آباد کے علاقوں میں رم جھم برسات کی وجہ ضلعی ہیڈکوارٹر شہر صحبت پور سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے ۔بلوچستان کے کئی علاقوں میں برفباری سے کئی شاہراہیں بھی متاثر ہوئی ہیں، برفباری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 پر کوژک ٹاپ کے مقام پر برف باری سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے، مستونگ کے علاقے لکپاس پر بھی برفباری سے گاڑیوں کو گزرنے میں دشواری کا سامنا رہا ہے۔کوئٹہ سبی شاہراہ این 65 پر کوپلور کے مقام پر برفباری کے باعث پھسلن سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہے،
کوئٹہ ژوب این 50 شاہراہ بھی خانوزئی اور کان مہترزئی کے مقامات پر برفباری سے متاثر ہے جبکہ قلعہ سیف اللہ لورالائی، این 70 شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے ان شاہراہوں سے برف ہٹانے میں مصروف عمل ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ج ( منگل ) کو پنجگور، گوادر، آواران، خضدار، قلات ، تربت، کیچ، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔