|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2024

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہاہے کہ بلوچستان میں دھاندلی کیخلاف چار جماعتوں کا اتحاد ہے، دھاندلی جیسے مسئلے کا مستقل حل ہونا چاہیے، دردکشا دوائی کے بجائے جنرل سرجری سے اس مرض کا خاتمہ ہوگا، جب تک آئین کی بالادستی نہیں ہوتی ملک آگے نہیں جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماء اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور بی این پی مینگل کے درمیان ملاقات میں انتخابات میں ہونے والے دھاندلی پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے بعد اسد قیصر اور اختر مینگل نے میڈیا سے گفتگو کی۔ پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ کسی کو اختیار نہیں کہ بند کمروں میں فیصلے کرے، فارم 45 کے تحت ہمیں نشستیں نہیںدی جارہیں،

افسوس ہے وزیر اعلیٰ اور کابینہ جعلی ہوگی۔ یہ پاکستان کی بدترین دھاندلی کی مثال ہے، پاکستان میں شفاف الیکشن اور آئین کی سربلندی کیلئے اکٹھے ہوں گے۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ یہ انتخابات منفرد ہیں، اس کے نتائج اب بھی آرہے ہیں، 20 دن ہوگئے اب بھی نتائج کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان میں دھاندلی کیخلاف چار جماعتوں کا اتحاد ہے، دھاندلی جیسے مسئلے کا مستقل حل ہونا چاہیے، رد کشا دوائی کے بجائے جنرل سرجری سے اس مرض کا خاتمہ ہوگا، جب تک آئین کی بالادستی نہیں ہوتی ملک آگے نہیں جاسکتا۔