کوئٹہ:جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر حق دوتحریک کے قائد و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے گوادر کی ترقی کے جھوٹے دعوے کئے جارہے تھے سی پیک کامرکز اور مستقبل کا دبئی چالیس سالہ لوٹ مار وکرپشن اور نااہلی کی وجہ سے معمولی بارش سے ڈوب گیا گوادر کی ترقی کا پول بارش نے کھول کے رکھ دیا ۔
حکومت گوادر کو آفت زدہ قراردیکر فی الفور عوام کو بچانے ،ریلیف دینے اور ٹیکس سے استثناء دینے کیلئے عملی کام کریں اگر احتساب کا بہترین انتظام ہوتاتو گزشتہ ادوارمیں ملک پر حکمرانی کرنے والے آج سلاخوں کے پیچھے ہوتے مگر بدقسمتی سے سزاکے بجائے لاڈلے بناکر مسلط کیے جارہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔بلوچستان کے جن علاقوں میں بارش برف باری نے نقصانات کیے ہیں
انہیں فی الفورامداد پہنچانا حکومت ،پی ڈی ایم اے ودیگر حکومتی اداروں کا کام ہے ۔بدقسمتی سے ہمارے حکمران اور آفت میں ریلیف ورک کرنے والے ادارے بارش وبرف باری اور آفت کو منافع کرذریعہ بناکرلوٹ مار کرکے اللہ کے عذاب وقہرکو ددعوت دی جاتی ہے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ پہنچنے پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر سے گفتگوکرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ موسلادھاربارشوں سے گوادر زیرآب آگیا۔جی ڈی اے ،بلدیہ گوادرکیساتھ پی ڈی ایم اے اورصوبائی حکومت ہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے الرٹ رہے ۔
متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقلی اورانہیں ریلیف پہنچانا بہت ضروری ہے۔ ملک بلخصوص بلوچستان میں ہر طرف ترقی وخوشحالی کے بے عمل وجھوٹے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر زمین پر ترقی نہیں تنزلی ،ناکامی ،نااہلی اور بدعنوانی کادو ردورہ ہے ترقی وخوشحالی کے دعوے کئی دہائیوں سے مسلسل کیے جارہے ہیں سی پیک سٹی گوادرکودستاویزات میںدبئی آسٹریلیا جدید ترقی یافتہ شہر بنا دیاگیا تھامگر آج معمولی بارش نے غریبوں مچھیروں سے گھر بار چھین لیا۔گوادر پر گزشتہ چالیس سال سے قابض ٹولے نے حالات بدسے بدترکر دیا ہے
مستقبل کے دبئی سنگاپور کواپنی کرپشن ولوٹ مار کی وجہ سے تباہ کر کے رکھ دیا۔آج بھی بلوچستان اور ملک پر بدعنوان عناصرمسلط ہیں ان بدعنوان عناصر سے نجات وقت کی اہم ضرورت او رترقی وخوشحالی کاراستہ ہے ۔
بلوچستان وسائل سے مالامال مگر ترقی کے سفر میں بدعنوانی ،بدعنوان عناصر رکاوٹ ہیں ۔ بدعنوان لٹیرے منشیات فروش ومافیازکے مقابلے میں اچھے نیک نام دیانت دار لوگوں کو متحرک وبیدار ہونا ہوگا ۔گوادر بارش کے دوران الحمداللہ ،جماعت اسلامی کے ارکان ،الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاراور حق دوتحریک کے کارکن وذمہ دار موسلادھاربارش کے دوران بھی متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل تھے اور رہیں گے انشاء اللہ ہم عوام کے تعاون سے گوادرسمیت بلوچستان بھر کو ترقی دیں گے ۔