|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2024

لورالائی:پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی نعمت جلال زئی نے کہا ہے کہ آمرانہ قوتوں نے انتخابات میں بدترین دھاندلی کرکے اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر ملک کو سخت سیاسی عدم استحکام سے دوچار کردیا ہے

موجودہ حالات میں پہلے سے آزمودہ پی ڈی ایم پارٹیوں کو ایک دفعہ پھر اقتدار حوالے کرکے اس ملک اور عوام کے ساتھ سنگین مذاق کیاجارہا ہے، قرضوں کی دلدل میں پھنسے اس ملک کے عوام پر آئی ایم ایف سے سمجھوتوں کے نتیجے میں بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتیں مزید بڑھا کر مہنگائی کے بم گرائے جائیں گے اور عوام کی معاشی بدحالی میں سخت اضافہ ہوگا اور ملک میں زبردست بحران جنم لیں گے

پارٹی کو ایک منظم پلان کے تحت اداروں کو اپنے ہی شہریوں اور سیاسی پارٹیوں کے خلاف استعمال کرکے جمہوریت اور جمہوری اداروں کو کمزور کیا جا رہا ہے اس بات پر حیرانی کا اظہار کرتا ہوں کہ انتخابات پر نظر رکھنے والی دنیا کے معتبر اداروں، عالمی میڈیا، ترقی یافتہ ممالک اور ملک کے اندر میڈیا، تقریبا تمام سیاسی پارٹیوں اور سنجیدہ سیاسی کارکنوں اور باشعور عوام نے موجودہ شرمناک انتخابات کو مکمل طور پر دھاندلی زدہ قرار دیکر اسے مسترد کردیا ہے

لیکن شرم کا مقام یہ ہے کہ اخلاقی جرات کرتے ہوئے نہ تو الیکشن کمیشن نے مستعفی ہوکر کوئی مثبت روایت قائم کی اور نہ ہی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالکر اسٹبلشمنٹ نے شرمندگی اور سبکی محسوس کی۔