کوئٹہ: اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو صوبے کی ترقی کیلئے ملکر کام کرناہوگا بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کی راہ اپنائیںگے،پاکستان میں بلوچستان کو بہت اہمیت حاصل ہے حکومت کا کام صوبے کو اچھی حکمرا نی دینا اور اپوزیشن کاکام صوبے کے مسائل کی نشاندہی کرناہے صوبے کے عوام کی امیدیں ایوان سے وابستہ ہیںسیندک ریکوڈک سمیت بلوچستان کے ہر مسئلے پر بات کریں گے
بلوچستان کے ساحل سے ٹرالر مافیا کا خاتمہ کیا جائے ، ملک ،افواج پاکستان اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کی کردارکشی کی کسی کواجازت نہیں دینگے ۔ہفتہ کو بلو چستان اسمبلی کا اجلا س اسپیکر عبدلخالق اچکزئی کی زیر صدارت 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس میں قائد ایوان کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کرنے کے لئے باقاعدہ طور پر ارکان اسمبلی نے ووٹنگ جس میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار میرسرفراز بگٹی کو65 کے ایوان میںسے 41 ارکین اسمبلی نے اعتماد کا ووٹ وزیر اعلیٰ بلو چستان منتخب کیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں جمعیت علماء اسلام کے اراکین اسمبلی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی اور نیشنل پارٹی کے اراکین نے ایوان میں ہو تے ہوئے بھی رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
اجلاس میں میر سر فراز بگٹی کے حق میں پیپلز پارٹی کے 17 ، پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے 14 ،بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 ،عوامی نیشنل پارٹی کے 3 ،حق دو تحریک ،جماعت اسلامی کے ایک ایک جبکہ ایک آزاد رکن مولوی نور اللہ نے ووٹ دیا ۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ بلو چستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے
کہ میر سرفراز بگٹی کے حق میں پارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا وزیراعلی کے اچھے اقدام کی حمایت اور غلط اقدام کی مخالفت کریں گے میر سرفراز بگٹی کووزیراعلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔
رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے نومنتخب وزیراعلی کو مبارک باد پیش کر تے ہوئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کر تے ہوئے کہاکہ وزیراعلی صوبے کی روایت کاخیال رکھیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک ،افواج پاکستان اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کی کردارکشی کی کسی کواجازت نہیں دینگے ۔ رکن صوبائی اسمبلی میر صادق عمرانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سرفراز بگٹی کو وزہراعلی منتخب کیاجو قابل تحسین ہے حکومت اور اپوزیشن کو صوبے کی ترقی کیلئے ملکر کام کرناچاہیے۔رکن صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ نے میر سرفراز بگٹی کووزیراعلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ وزیراعلی بلوچستان کے عوام کی خدمت کریں گے۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ اے این پی کی جانب سے میر سر فراز بگٹی کو وزیراعلی منتخب ہو نے پر مبارکباد پیش کر تاہوں امید ہے کہ وزیراعلی مشاورت کے ساتھ سب کو لیکر چلیںگے ۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں غربت کے خاتمے اور تعلیم وصحت کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے بندوق کے زور پر حکومت نہیں ہوگی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کی راہ اپنائیں گے عوام کے حقوق کی خاطر اے این پی نے حکومت کاساتھ دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بلوچستان کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ظہور احمد بلیدی نے کہاکہ حکومت کا کام صوبے کو اچھی حکمرا نی دینا اور اپوزیشن کاکام صوبے کے مسائل کی نشاندہی کرناہے صوبے کے عوام کی امیدیں ایوان سے ہیں صوبے کے بہت سے مسائل حل طلب ہیں۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میر سلیم احمد کھوسہ نے کہاکہ قائدایوان منتخب ہونے پر سرفراز بگٹی کو مبارکباد دیتاہوں وزارت اعلی یہ کانٹوں کی سیج ہے خامیاں دوراورٹھیک کرنے کی ضرورت ہے عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ رکن بلو چستان اسمبلی بخت محمد کاکڑ نے کہاکہ میرسرفرازبگٹی بلوچستان کی محرومیاں ختم کرنے میں کردار ادا کریں گے وزیراعلی کو مبارک باد پیش کرتاہوں اور امید ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر بلو چستان اسمبلی غزالہ گولہ نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی کو وزیراعلی منتخب ہو نے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں،ایوان کو ہمیشہ غیر جانبدار ہوکر چلائوں گی صدرآصف علی زرداری نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا پیپلز پارٹی کی حکومت میں صوبہ ترقی کرے گا عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کریں گے انشاء بلوچستان کی موجودہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ گوادر پانی میں ڈبو ہوا ہے وزیراعلی کو چاہیے وہ حلف برداری کے فورابعد گوادر کا دورہ کریں مجھے کچھ نہیں چاہیے گوادر کو ترقی دی جائے سیلاب نے گوادر کو تباہ کر دیاہے میں رات کو لوگوں کے گھروں سے پانی نکال کر اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے آیا ہوںگوادر کے عوام امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی سے گزارش ہے کہ فوری طور پر گوادر کا دورہ کریں ایک کمیٹی بنا کر بیس سالوں میں گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ملنے والے فنڈز کی تحقیقات کی جائے ۔
انہوں نے کہاکہ سیندک ریکوڈک سمیت بلوچستان کے ہر مسئلے پر بات کریں گے، بلوچستان کے ساحل سے ٹرالر مافیا کا خاتمہ کیا جائے میں کوئی مراعات اور وزارت حکومت سے نہیں لوں گاگوادر کو صرف پانی سے نکال دیا جائے ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مینہ مجید بلوچ نے کہاکہ شہدا ء نے پاکستان کی اس مٹی کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے شہداء کے لواحقین کی رجاٹریشن کا عمل شروع کیاجائے گوادر متاثرین کا فوری طور پرریلیف دیاجائے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ نے کہاکہ میر سر فراز بگٹی کو وزیراعلی بننے پر مبارکباد پیش کرتاہوںامید ہے کہ وہ ایوان کو برابری کی بنیاد پر چلائیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب زدگان کی مدد کی جائے گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے احکامات کو عملی شکل دی جائے۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ میر سر فراز بگٹی کو وزیراعلی منتخب ہو نے پر مبارکباد پیش کر تی ہوں امید ہے کہ وزیراعلی سب کو ساتھ لیکر چلیںگے کوتاہیوں کاا حساس کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔رکن صوبائی اسمبلی میر ضیاء اللہ لانگونے میر سر فراز بگٹی کو وزیراعلی منتخب ہو نے پر مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہاکہ میر سرفراز بگٹی کا وزہراعلی منتخب ہونا قابل تحسین ہے بلو چستان کے عوام کی امیدیں اپنے نمائندوں سے وابستہ ہیں۔ بعدازاں اسمبلی کا اجلا س غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔