کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گیس اور بجلی کی بندش سے گریز کیا جائے خصوصاً سحر و افطار کے وقت گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
ہفتہ کو وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان کے جنرل منیجر انور بلوچ اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شفقت علی نے الگ الگ ملاقات کی اور کوئٹہ سمیت بلوچستان میں گیس اور بجلی سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا
وزیر اعلٰی بلوچستان نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر کو ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی سے متعلق عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گیس اور برقی مسائل سے متعلق حل طلب امور پر وفاقی حکومت سے بھی بات کی جائے گی اور تصفیہ طلب تنازعات کا پائیدار حل تلاش کیا جائے گا
وزیر اعلی بلوچستان نے کیسکو چیف کو زمینداروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بجلی کے مسائل سے متعلق آئندہ ہفتے اراکین صوبائی اسمبلی اور کیسکو حکام کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں برقی مسائل سے متعلق مسائل پر بات چیت اور ان کے حل کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔