ٹیکسلا: اسلام آباد پشاور موٹر وےکے ہکلا انٹر چینج کے سروس ایریا کی مسجد کے باہر سے مسافر نمازی کا 3 لاکھ روپےکا جوتا چوری ہوگیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تھانہ ٹیکسلا میں مسافر کی درخواست پر قیمتی اسپورٹس شُو کی چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مسافر نے ہکلا انٹرچینج کے ریسٹ ایریا کی مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے جوتے اتار کر رکھے تھے، جن کی قیمت ڈھائی سے تین لاکھ روپے تھی، جس شخص نے جوتے چرائے وہ خود بھی لگژری گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ آیا تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ مسافر نے سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرکے مسافر کی شناخت کرکے رابطہ کیا، مدعی کے مطابق جوتا چرانے والا غلطی ماننے کے باوجود جوتے واپس کرنے سے انکاری ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق جوتا چوری کا واقعہ 23 جنوری کو پیش آیا تھا۔