|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2024

تربت:ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے سرگودھا میڈیکل کالج کے طالب علم کی بازیابی کے لیے سی پیک شاہراہ پر دو دنوں سے احتجاج کے باعث ضلع کیچ کا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ایم ایٹ شاہراہ پر طالب علم خدا داد سراج کی فیملی سے تعلق رکھنے والے خواتین کے علاوہ عام شھریوں نے دھرنا دے رکھا ہے۔ ضلع کیچ میں ایم ایٹ تربت ہوشاپ سیکشن دو دنوں سے احتجاج کے باعث بند ہے،

مظاہرین کے مطابق خداداد سراج سرگودھا میڈیکل کالج میں پیتھالوجی لیب سائنسز کے طالب علم ہیں انہیں 8 مارچ کی رات جمعے کی شب 8:30 بجے کے قریب ایک سفید رنگ کی کار میں الرشید ہسپتال سرگودھا کے سامنے ظفر اللہ چوک سے نامعلوم افراد نے اغواء کیا۔ طالب علم خداداد کی جبری گمشدگی کے خلاف ان کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے گزشتہ جمعرات کو تجابان کرکی کے مقام پر سی پیک شاہراہ ایم ایٹ کو بلاک کردیا تھا تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان کے بازیابی کی یقین دہانی پر احتجاج مشروط طور پر ختم کردیا گیا۔ خدا داد سراج کا تعلق ضلع کیچ کے علاقہ تربت کرکی تجابان سے ہے وہ سرگودھا میڈیکل کالج میں پیتھالوجی لیب سائنسز کا طالب علم ہے۔

اہل خانہ کے مطابق خداداد سراج ایک طالب علم ہیں اور وہ صوبہ پنجاب میں پڑھائی کے لیے سرگودھا میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ہیں انہیں نامعلوم وجوہات کی بنا پر مسلح افراد نے اغوا کے بعد لاپتہ کردیا اور اس کے بارے میں ہمیں کوئی معلومات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ مظاہرین کے مطابق خداداد سراج کو بلاوجہ جبری گمشدگی کا شکار بنانا آئین کے خلاف عمل ہے اگر وہ کسی جرم میں شامل رہے ہیں جن کا قانون کے مطابق سزا ہوسکتی ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے یا ہمیں کم از کم ان کے بارے میں معلومات دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ جب گزشتہ جمعرات کو ہم نے ان کے بازیابی کے لیے سی پیک شاہراہ پر دھرنا دیا تو ہمیں ان کے بازیابی کی شرط پر احتجاج ختم کرنے کا کہا گیا تھا مگر انتظامیہ اپنا وعدہ پورا نہیں کرسکا اس لیے ہم نے دوبارہ سی پیک مجبوراً بلاک کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خداداد سراج کو بازیاب نہیں کیا جاتا اس کی جبری گمشدگی کے خلاف سی پیک شاہراہ ایم ایٹ پر احتجاج جاری رکھیں گے۔ سی پیک شاہراہ پر دھرنا کے باعث دونوں جانب سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد پھنس گئی ہے جب کہ درجن سے زائد گاڈیاں راستہ کھلنے کے انتظار میں سڑک کنارے کھڑی ہیں۔

اس سے قبل ضلع کیچ میں تین مختلف مقامات پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے مظاہرین نے ایم ایٹ شاہراہ تربت ہوشاپ سیکشن اور گوادر میں کوسٹل ہائی وے ایم ایٹ کو بلاک کیا تھا۔ تاہم کوسٹل ہائی ایم ایٹ پر دو دنوں سے جاری دھرنا اتوار کی رات گئے مزاکرات کے نتیجے میں مشروط طور پر ختم کردیا گیا، انتظامیہ نے گوادر سے لاپتہ کیے گئے زاکر ولد عبدالرزاق اور لالا رفیق کو بازیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ ایم ایٹ کارواٹ زیروپوائنٹ پر دھرنا کے سبب ضلع کیچ اور گوادر کا کراچی سے زمینی رابطہ دو دنوں تک منقطع رہا تھا۔