اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستانی حکام نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بروقت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کی معاشی اور مالی صورت حال میں بہتری آئی ہے، بہتر پالیسی مینجمنٹ کے باعث معاشی گروتھ اور اعتماد بحال ہوا ہے، امید ہے کہ پرائمری بیلنس 401 ارب روپے تک رہے گا اور امید ہے کہ پرائمری بیلنس معیشت کا 0.4 فیصد رہے گا۔
آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سال ترقی معمولی رہنے کی توقع اورافراط زر ہدف سے کافی زیادہ ہے، اقتصادی کمزوریوں سے نمٹنے کے لیے جاری پالیسی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی حکام ٹیکس بیس میں اضافے پر کاربند ہیں اور پاکستانی حکام نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بروقت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے، توانائی کی قیمتیں بڑھا کر گردشی قرض میں اضافہ روکنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ مہنگائی میں کمی کے لیے اسٹیٹ بینک نے شرح سود برقرار رکھنے کا کہا ہے جب کہ اسٹیٹ بینک غیر ملکی کرنسی مارکیٹ میں شفافیت رکھے گا۔