|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2024

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار گوادر پورٹ اتھارٹی ( جی پی اے ) کمپلیکس پر حملے کے دوران زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عیادت کے لئے پی این ایس شفا پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ بدھ کی شام بی ایل اے کے 8 دہشتگردوں نے جی پی اے کمپلیکس گوادر میں گھسنے کی کوشش کی اور کمپلیکس کے قریب دھماکا بھی کیا جس کے بعد مسلسل فائرنگ شروع کر دی ، تاہم، سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا اور جوابی کارروائی کے دوران تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

جمعرات کو کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار گوادر میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے دلیر سپاہیوں کی عیادت کے لئے پی این ایس شفا پہنچے جہاں انہوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر کور کمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ قوم اپنے دلیر جوانوں پر فخر کرتی ہے جو ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے سربکف رہتے ہیں، ان شیر جوانوں کا حوصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگرد اپنے مضمموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔

لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کے دلیر جوان دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔