|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2024

کوئٹہ : وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ڈھاڈر سے کوئٹہ تک روڈ کی تعمیر اور 2022میں ضلع کچھی کے سیلاب متاثرین کو وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امداد جاری کرنے کی ہدایت کر دی ۔یہ ہدایت انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ن لیگ کے رکن بلوچستان اسمبلی میر عاصم کرد گیلو سے ملاقات کے دوران دیں ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی موجود تھے

رکن بلوچستان اسمبلی میر عاصم کرد گیلو نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو اپنے حلقہ انتخاب کچھی کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا ،ا س موقع پر انہوں نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو بتایا کہ ڈھاڈر ٹو کوئٹہ روڈ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ہے جس کے باعث اس شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت میں رکاوٹ کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے سابقہ حکومت نے وعدے کے باوجود اسے نظر انداز کیا جس پر وزیر اعظم پاکستان نے این ایچ اے حکام کو فوری طور پر ڈھاڈر ٹو کوئٹہ رو ڈ پر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی

رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو نے وزیر اعظم کے نوٹس میں یہ بات بھی لائی کہ 2022میں ضلعی کچھی میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لئے وفاقی حکومت نے 5,5لاکھ روپے کی امداد فراہم کرنے کاا علان کیا تھا تاہم ابھی تک ضلعی کچھی کے سیلاب متاثرین اس اعلان کردہ امداد سے محروم ہیں جس پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے موقع پر ہی سیلاب متاثرین کے لئے اعلان کردہ امداد ریلیز کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کیں ان اقدامات پر رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کر د گیلو نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔