|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2024

پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے کینیڈا جانے والی پرواز کے عملے میں شامل غیر متعلقہ شخص کا پاسپورٹ رکھنے والی ائر ہوسٹس حنا ثانی کو گرفتاری کے بعد رہا کردیا گیا۔ دوسری جانب پی آئی اے نے ائرہوسٹس کو معطل کردیا ہے۔ 

ٹورنٹو پہنچنے پر کسٹم حکام نےحنا ثانی کو عملے کی دو دیگر ارکان کے ساتھ حراست میں لیا تھا جو ان کے ساتھ پرواز پی کے 789 پر ڈیوٹی پر موجود تھیں۔ تاہم بعد ازاں تینوں کو رہا کرتے ہوئےتحقیقات کے بعد انہیں پاکستان واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

پی آئی اے انتظامیہ نے حناثانی کو معطل کرتے ہوئے کینیڈین کسٹمز کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مزید کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ بیرون ملک سفر کے دوران کسی اور کا پاسپورٹ ساتھ رکھنا بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے کہا کہ ائرلائن انتظامیہ کینیڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس معاملے میں ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈین حکام کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں عملے کے معطل رکن کو مزید محکمانہ اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کینیڈین کسٹم حکام کی جانب سے تحقیقات کے بعد رہا کیے جانے والے عملے کی 3 خواتین ارکان ہفتے کو پاکستان واپس آئیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی آئی اے کی کریو ممبر مریم رضا کینیڈا لینڈنگ کے بعد غائب ہوگئی تھیں۔