وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتوں کو آئی ایم ایف کے اہداف پورے کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا وزیراعظم نے وزارتوں کو اہداف کے مطابق ٹاسک دیے ہیں، ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی اہداف دیے گئے ہیں، ٹیکنالوجی کے ذریعے وزارتوں کی کارکرگی کو جانچاجائے گا اور کابینہ اجلاس میں وزارتوں سے جواب طلبی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا وزیراعظم نے وزارتوں کو آئی ایم ایف اہداف پورے کرنے کا ہدف دیا ہے، وزارت خزانہ کو مہنگائی میں کمی لانے، قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائز کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا وزارت داخلہ کو غیر قانونی اسلحے کے خلاف کریک ڈاؤن کا ہدف دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا پاکستان میں جتنے قوانین پاس ہوتے ہیں اس کے لیے ای پورٹل بنایا جائے گا، ایک متوازن کابینہ آئی ہے، خود احتسابی کا بھی نظام وضع کیا گیا ہے، ہم عوام کے ووٹ لیکر آئے ہیں اور عوام کو جوابدہ ہیں۔