|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2024

رمضان المبارک کا آخری عشرے شروع ہوتے ہی ملک بھر میں لاکھوں شہری شب قدر کی تلاش کے لیے سنت اعتکاف کی نیت کے ساتھ مساجد میں گوشہ نشین ہوگئے۔

ملک کے تما ہی شہروں کی چھوٹی بڑی مساجد میں شہری اعتکاف پر بیٹھ گئے۔

پاکستان بھر میں آج لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے، اس حوالے سے مساجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

معتفین نے اس موقع پر کہا کہ ماہ رمضان رحمت و مغفرت اور نیکیوں کا موسم بہار ہے، رمضان المبارک کا آخری عشرہ رحمتیں سمیٹنے کا نادر موقع ہے، ملک و قوم کی سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگیں گے

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’ٹھہر جانے‘ اور ’خود کو روک لینے کے‘ ہیں۔

اعتکاف کے لیے لوگ 20 ویں رمضان سے عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوئے اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا۔

ملک کی بیشتر مساجد میں اس حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ بیشتر مساجد میں اعتکاف کے لئے گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے مساجد کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں۔

مسلمان رمضان کے آخری عشرے میں دنیاوی معاملات سے کٹ کر اللہ کی خوشنودی کے لیے عبادات میں مصروف ہیں جو یقیناً بہت بڑی سعادت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ سمیت تمام دیگر مساجد میں اعتکاف کا آغاز ہوگیا تھا ۔

حرم شریف اور مسجد نبویﷺ میں ہزاروں مسلمان اعتکاف میں بیٹھے، حرمین انتظامیہ نے اعتکاف کے لیے پورٹل کے ذریعے ہزاروں پرمٹ جاری کیے، معتکفین کے لیے خصوصی دروازے مقرر کیے گئے اور تمام سہولیات فراہم کی گئیں۔

معتکفین کو آبِ زم زم کی فراہمی کے ساتھ تلاوت کے لیے قرآن کریم کے نسخے بڑی تعداد میں رکھےگئے ہیں، لاکھوں عمرہ زائرین مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں قیام اللیل میں بھی شریک ہوں گے۔

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے 50 لاکھ سے زائد زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔