کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی 45 ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا متفقہ آئین اور ناقابل تسخیر دفاع شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ولولہ انگیز وژن کا مرہون منت ہے
شہید ذوالفقار علی بھٹو نے حقیقی جمہوریت کی بنیاد حق رائے دہی پر مبنی پارلیمانی نظام میں رکھی سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوام کے ووٹ کے تابع کیا اور ملک کے تمام فیصلوں کوعوام کی منشا سے منسلک کر دیا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کے لیے جدوجہد کی اور پاکستانی سیاست کو ہمیشہ کے لیے بدل کر رکھ دیا
انہوں نے پاکستانی عوام کو سیاسی شعور دیا پیپلز پارٹی کی جڑیں عوا م کے دلو ں میں پیوست ہوئیں اور چاروں صوبو ں کو وحد ت کی لڑ ی میں پرو نے والی پہلی سیا سی جما عت کے رہنماؤں نے عوامی شعور اور قومی تر قی کا انقلاب بر پا کیا شہید بھٹو نے پاکستانیوں کے قلب و روح کو متاثر کیا ان کی شخصیت کا تاثر اور سحر آج اتنے برس بعد بھی لوگوں کے اذہان پر طاری ہے قانون کی حکمرانی اور امور مملکت میں عوام کی شرکت اور مشکل مسائل کیلئے عوام سے رہنمائی لینا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست کا طرہ امتیاز رہا ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ان کی سیاسی فکر کو ان کی بیٹی شہید رانی بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور ان کی شہادت کے بعد اب بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا کے سیاسی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ شہید بھٹو کی زندگی، ان کا وژن، جمہوری، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی جانب ایک اہم اقدم تھا ہمیں اپنے آپ کو ان کے وژن اور جمہوریت اور سماجی انصاف کے تصورات کے لیے وقف کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی میراث ہم سب کے لیے ایک مثال کے طور پر موجود ہے۔ ہمیں آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پیغام اور پاکستانی عوام کے لیے ان کی عقیدت یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں جمہوری، سیاسی اور سماجی طور پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے منصفانہ اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے آئین پاکستان میں درج سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل سے نکالا جا سکتا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے، ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کو یکساں حقوق کی فراہمی کی کوششوں میں ہمہ وقت کوشاں ہے۔
اور سندھ و بلوچستان میں عوام نے پیپلز پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن پر گامزن ہوکر عوام کو درپیش مشکلات سے نجات دلائیں گے