پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنےکے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جب کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں ملنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی اموراسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہو رہا ہے۔
اجلاس میں مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک ہیں۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیاں بیٹھ چکی ہیں، غروب آفتاب کے54منٹ بعد تک چاند دیکھا جاسکے گا، چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی جاری ہیں، چاند کی شہادتیں ملنے نہ ملنے کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے اجلاس میں مفتی محمد اسحٰق ساقی الازہری، مولانا محمدعارف سیالوی، مولانا شفیق احمد پسروری اور دیگر علما شریک ہیں۔
اجلاس میں تکنیکی معاونت ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب شاہد عباس کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں رویت کا دورانیہ 6 بج کر 19 منٹ سے 7 بج کر 21 منٹ تک ہے۔
پشاور میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، شہر میں موسم ابر آلود ہے، کمیٹی چاند آنے یا نہ آنے کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا اجلاس بھی شروع ہوگیا، اجلاس کی صدارت خطیب بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی کررہے ہیں۔
اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی، محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کی اطلاعات ہیں، کوہلو، لورالائی، ژوب اور جیونی میں چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں جاری ہے۔
زونل کمیٹی کراچی کے سربراہ حافظ محمد سلفی نے کہا کہ کمیٹی کو اب تک چاند نظر نہیں آیا، دیکھنے کی کوشش جاری ہے، رویت کی صورت میں مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ ملک میں عیدالفطر کا چاند آج 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو گی اور اس روز چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو گی۔
غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا اور اس دن مطلع صاف ہونے کے پیش نظر 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور اس طرح عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
وفاقی حکومت پہلے ہی عید الفطر کے لیے 4 تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات 10 اپریل (بدھ) سے 13 اپریل (ہفتہ) تک ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تعطیلات کے دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر ، افغانستان، آسٹریلیا اور لندن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔
سعودی عرب میں یکم شوال 1445ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے اعلی عدالتی کونسل کا اجلاس ہوا جس کے بعد حرمین انفو کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا۔
اس میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ مملکت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔
متحدہ عرب امارات میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا تاہم پورے ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
متحدہ عرب امارات میں بھی آج30 واں روزہ رکھا جائے گا اور 10 اپریل کو عید منائی جائےگی، قطر میں بھی چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں بھی بدھ کو عید منائی جائے گی۔
ادھر افغانستان میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تاہم کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی جس کے بعد بدھ کو عید کا اعلان کردیاگیا۔
آسٹریلیا فتوی کونسل نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے پر آج تیسویں روزے کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ لندن میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔