|

وقتِ اشاعت :   June 26 – 2024

ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) اور انڈس ہیلتھ اینڈ ہاسپٹلز نیٹ ورک (IHHN) کے اشتراک سے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں جدید کمیونٹی ہیلتھ اور ایم سی ایچ (مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ) سینٹر کا اغاز کردیا گیا۔ یہ نیا مرکز نوکنڈی اور قریبی علاقوں میں صحت کی جدید خدمات فراہم کرے گا اس مرکز میں تین مشاورتی کلینک، تیرہ بستروں کے ساتھ چار وارڈز، چوبیس گھنٹے ایمرجنسی روم، گائناکالوجی سیکشن، فارمیسی، لیبارٹری، الٹراساؤنڈ، ایکسرے روم اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔

اس مرکز کا بنیادی مقصد ماں اور بچے کی صحت پر توجہ دینا ہے اور یہ خدمات جیسے قبل از پیدائش اور بعد از پیدائش کی دیکھ بھال، امراض نسواں کا علاج اور بچوں کی صحت کی خدمات بالکل مفت فراہم کرتا ہے۔ یہ مرکز چوبیس گھنٹے دیکھ بھال کو یقینی بناتا ہے جس میں مرد و خواتین ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود ہیں جبکہ عام بیماریوں اور حفاظتی دیکھ بھال کے لیے ایک او پی ڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔ ریڈیولوجیکل خدمات، بشمول ایکسرے اور الٹراساؤنڈ، اگست میں شروع ہوں گی۔

تقریباً 30,000 آبادی کے شہر نوکنڈی اور اس کے آس پاس کے دیہات کے باشندوں کو خدمات فراہم کرنے والے اس مرکز کا مقصد صحت کے سہولیات تک رسائی اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔ یہ اقدام RDMC اور IHHN کی طرف سے پہلے کے پروجیکٹس کے بعد کا ہے، جن میں ہمئے گاؤں میں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر اور انڈس موبائل ہیلتھ یونٹ شامل ہیں۔