|

وقتِ اشاعت :   2 days پہلے

کوئٹہ،: ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ڈویژنل انتظامیہ کوئٹہ نے تمام محکموں میں خواتین کی معاونت، ہراسگی سے تحفظ اور ہر شعبے میں ترقی کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے باہمی تعاون اور قریبی رابطہ کاری پر اتفاق کیا ہے جبکہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس میں انسداد ہراسگی ایکٹ کے تحت خصوصی کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے ملاقات کی اور سماجی ترقی میں صنفی مساوات کی کاوشوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مختلف عوامی مقامات پر خواتین کے لئے خصوصی ریسٹ زون قائم پر بات چیت کی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بتایا کہ اس ضمن میں پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان کی حیثیت سے انہوں نے کوئٹہ کچہری ، یونیورسٹی آف بلوچستان، کوئٹہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ، ہائیکورٹ آف بلوچستان ، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی سمیت مختلف مقامات پر خواتین کے لئے خصوصی اسپیس سینٹر قائم کئے تھے جہاں ورکنگ ویمن سمیت عام خواتین نماز ، بے بی فیڈنگ اور وقتی ریسٹ کرسکتی تھیں ان میں کچھ تجویز کردہ مقامات پر یہ مراکز ابتک التواء کا شکار ہیں جن کو فعال کرنے کی ضرورت ہے

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ کام کے مقامات پر خواتین کو محفوظ ماحول کی فراہمی ضروری ہے خواتین کو ہراس کرنا رائج الوقت قوانین کے مطابق ایک سنگین اور قابل گرفت جرم ہے جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کی زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے کسی بھی محکمے یا ادارے میں ایسی کوئی بھی شکایت ثابت ہوئی تو ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دیتے ہوئے نوکری سے برخاست کردیا جائے گا، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ انسداد ہراسگی ایکٹ کے تحت تمام محکموں میں انسداد ہراسگی کمیٹیوں کا قیام ضروری ہے اس ضمن میں تمام محکموں سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی گئی ہے اور جن جن محکموں میں ابتک یہ کمیٹیاں قائم نہیں ہوئیں وہاں سربراہان کو کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے ایک وقت دیا جائے گا اس کے باوجود اگر انسداد ہراسگی کمیٹیاں قائم نہیں ہوتیں تو متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور چیف سیکرٹری بلوچستان کو تحریری مراسلہ میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے لئے لکھا جائے گا، گھروں سے باہر کام کرنے والی خواتین کو تحفظ کی فراہمی حکومت کا قانونی و اخلاقی فرض ہے جس کو ہر صورت نبھایا جائے گا، اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو محکمہ ترقی نسواں بلوچستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ خواتین کی ترقی و تحفظ کے لئے اقدامات کو باہمی اشتراک سے بار آور بنایا جائے گا اور گھر سے باہر کام کرنے والی ہر خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *