|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2024

کوئٹہ :  تحریک لبیک اسلام بلوچستان کے صدر علامہ بہادر جیلانی، ضلعی صدر علامہ عمران عباسی، علامہ قاری محمد مدثر، مولانا غلام سرور فاروق، علامہ محمد اسماعیل القادری کی قیادت میں ختم نبوت کے قانون کے خلاف عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اس غیر منصفانہ فیصلے کو واپس لے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نکالی گئی ریلی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر عدالتی فیصلے کے خلاف اور ختم نبوت کے حق میں نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ختم نبوت ایک انتہائی حساس معاملہ ہے جس کی حفاظت ہمارے اسلاف نے جانوں کا نذرانہ دیکر کی ہے ہم بھی اپنا جان و مال سب کچھ اس کے لئے قربان کریں گے

بحیثیت مسلمان ہم ناموس رسالتؐ کے قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے لیکن افسوس کہ ملک دشمن سیاستدانوں اور لبرلز، سیکولرز کی وجہ سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ناموس رسالت کے حساس معاملے کو بھی غیر ملکی دشمن کی ایماء پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت اور ختم نبوت کے پہرے دار علماء کرام و غیرت مند مسلمانوں نے ایسی سازشوں کو ختم کیا ہے اور آخری دم تک کرتے رہیں گے اس لئے ہم چیف جسٹس کے اس بے سروپیر فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔

اور ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس فیصلے کو واپس لے اور جو ختم نبوت کی 42 ویں شق میں ترمیم کی گئی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں اس طرح کے فیصلوں اور اقدامات سے مسلمانوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔