|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2024

گوادر: گوادر شہر کی ترقی کے سفر میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے، گوادر پورٹ اتھارٹی نے شہر کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی گوادر کو جدید اور اعلیٰ معیار کے چھ لوڈر رکشے فراہم کیے ہیں۔

یہ رکشے ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں فش ہاربر کمپلکس گوادر میں منعقد ہونے والے پروگرام کے دوران رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے حوالے کیے گئے۔

اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین میر پسند خان بلیدی نے رکشوں کی چابیاں رکن صوبائی اسمبلی گوادر کے حوالے کرتے ہوئے شہر کی صفائی اور عوامی خدمات کے شعبے میں اپنی مستقل کوششوں کا اعادہ کیا۔ تقریب میں بلدیہ گوادر کے چیف آفیسر اور دیگر اہم افسران بھی موجود تھے۔

ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر پسند خان بلیدی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی سماجی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میر پسند خان بلیدی کی سربراہی میں گوادر پورٹ اتھارٹی نے نہ صرف شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بلکہ سماجی اور فلاحی شعبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کے دوران، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی، کھیلوں کے شعبے میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، اور صحت کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی جیسے مختلف چیلنجز کے موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ میر پسند خان بلیدی نے تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر شہر کی صفائی اور ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے یہ لوڈر رکشے میونسپل کمیٹی کی استعداد کار میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے 3.5 ملین روپے کی لاگت سے یہ جدید رکشے فراہم کیے ہیں تاکہ شہر کی صفائی کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، کھیل اور سماجی بہبود کے شعبوں میں بھی گوادر پورٹ اتھارٹی نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور حالیہ تباہ کن بارشوں کے دوران متاثرین کی مدد کے لیے دس ملین روپے کا چیک بھی ضلعی انتظامیہ کو پیش کیا گیا تھا۔گوادر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے گوادر پورٹ اتھارٹی کی ان کاوشوں کو عوام اور حکام کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔