|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2024

استنبول:  صوبائی وزیر برائے آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے ترکیہ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ صوبہ استنبول کے ضلع Çekmeköy میں واقع عمرلی ڈیم کا دورہ کیا۔

یہ ڈیم، جو کہ مربوط آبی وسائل کے انتظام کے اصولوں کی بنیاد پر تعمیر کیا گیا تھا، اس میں زرعی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے اپ اسٹریم واٹرشیڈ مینجمنٹ، پانی ذخیرہ کرنے کی اہم صلاحیت، اور نیچے کی طرف زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کی خصوصیات شامل ہیں۔

٫دورے کے دوران صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی نے بلوچستان میں اسی طرز پر ڈیم تعمیر کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ محکمہ آبپاشی پہلے ہی سے متعدد منصوبوں میں مربوط آبی وسائل کے انتظام کو نافذ کر رہا ہے لیکن اس حوالے سے مزید بہتری کی ضرورت پر زور دینا ہوگا۔ انہوں نے عمرلی ڈیم کو بلوچستان میں مستقبل میں آبپاشی کے اقدامات کے لیے ایک ماڈل کے طور پر اپنانے کی تجویز پیش کی تاکہ خطے میں پانی کے موثر انتظام کو یقینی بناتے ہوئے پانی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے ترکیہ کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مذید مضبوط اور مربوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، میر صادق عمرانی نے کہا کہ ہم مختلف شعبوں میں ترکیہ کے ترقیاتی ماڈلز کو اپنانے کے خواہشمند ہیں اور دو طرفہ تعلقات کے ذریعے مستقبل میں مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ہمیں اپنے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ بہترین تعلقات پر فخر ہے۔