کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں وبائی صورتحال کیساتھ مؤثر طریقے سے نمٹنے اورصحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے عوامی صحت پر قانون سازی اور ون ہیلتھ پالیسی کی تشکیل ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر صفی اللہ کی قیادت میں انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن اسلام آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ عوامی صحت کو درپیش چیلنجز کا مؤثر جواب دینے کے لیے ہمیں اپنے صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔
جس کے لئے ضروری ہے کہ ہم صحت کے شعبے میں جدید قوانین اور پالیسیاں تشکیل دیں جو نہ صرف وبائی صورتحال کا مؤثر مقابلہ کریں، بلکہ مستقبل میں بھی ممکنہ چیلنجز کے لیے موثر حکمت عملی فراہم کریں۔صحت کے شعبے میں موثر تبدیلی کے لئے مشترکہ کوشش کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ ون ہیلتھ پالیسی کا نفاذ ہمیں مختلف صحت کے شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کا موقع دے گا۔ یہ پالیسی ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دے گی کہ صحت کے تمام پہلوؤں کا آپس میں کتنا گہرا تعلق ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت دیگر اداروں کیساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
Leave a Reply