کوئٹہ: شنگھائی کانفرنس کے موقع پر احتجاج کی کال دینے کامقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے ساتھ مثبت معاشی منصوبہ بندی کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے۔
یہ بات مسلم لیگ بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات و ترجمان چوہدری شبیر نے پی ٹی آئی کی احتجاجی کال کی مذمت کرتے ہوئے کہی انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کودرپیش سنگین سیاسی و معاشی بدحالی میں شنگھائی کانفرنس نہ صرف ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگی بلکہ موجودہ بحرانی کیفیت میں روشن مستقبل کی تاریخی ابتدا ثابت ہوگی۔
ایسے تاریخی موقع پر احتجاج کی کال دینے والے قومی مجرم ہیں۔گھناؤنی سازش نہ صرف وطن دشمنی بلکہ ریاست کو بین الاقومی سطح پر بدنام کرنے اور پہلے سے معاشی عدم استحکام کے شکار ملک وقوم کو مزید سیاسی معاشی بدحالی کی دلدل میں دھکیلنے کی گھناؤنی کوشش ہے۔
ایسے سازشی عناصر خواہ کسی بھی سیاسی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں نہ صرف قومی مجرم ہیں بلکہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔محب وطن پاکستانی قوم تحریک انصاف کی منافق سازشی قیادت کے ملک دشمن کردار اور گھناؤنی سوچ سے اچھی طرح واقف ہوچکی ہے اور شیطانی قیادت اور انکے پیروکارں کو کبھی معاف نہیں کریگی۔