|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ایک مرتبہ پھر بھارتی دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے دورے کا شیڈول تبدیل کردیا، آئی سی سی کے دوسرے سب سے بڑے ایونٹ کی ٹرافی اب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان نہیں جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ شیڈول میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد لے جایا جاناتھا، مگر آئی سی سی کے نئے شیڈول کے مطابق ان علاقوں کو شیڈول سے نکال دیا گیا۔

آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چیمئنز ٹرافی کا دورہ آج سے شروع ہوگا اور 27 جنوری کو ختم ہوگا، دورے کے دوران ٹرافی اسلام آباد، ٹیکسلا، خانپور ایبٹ آباد، مری، نتھیا گلی اور کراچی جائے گی۔

آئی سی سی ٹرافی ٹور پلان میں لاہور شامل نہیں، 26 نومبر کو ٹرافی افغانستان کے لیے روانہ ہوگی اور اس کے بعد دنیا کے دیگر ممالک سے ہوتی ہوئی 27 جنوری 2025 کو واپس پاکستان پہنچے گی۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا،مگر آئی سی سی نے بھارتی اعتراض کے بعد جاری کردہ نئے شیڈول میں ان علاقوں کو ٹور پلان سے نکال دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے بھارتی بورڈ کا چیمپئنز ٹرافی کے دورے کے روٹ پر اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی سی ٹرافی کے دورے میں آزاد کشمیر شامل کرنے پر اعتراض ناجائز ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول اور دورے کا روٹ آئی سی سی کا منظور کردہ ہے اور یہ آئی سی سی کے مشورے اور مرضی سے فائنل ہوا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی سی سی خود روٹ اور شیڈول فائنل کرنے کے بعد کیسے اعتراض کر سکتا ہے، ماضی میں شیڈول اور ٹرافی کے دورے کا روٹ فائنل ہونے کے بعد کبھی تبدیل نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان آنے سے انکار کے بعد ٹرافی ٹور پر کیسے اعتراض کر سکتا ہے، جو ملک پاکستان آنے سے انکاری ہو اس کا اعتراض کیسے جائز ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹرافی ٹور کا شیڈول 16 سے 24 نومبر تک کا ہے، روٹ میں اسلام آباد، ہنزہ، گلگت، مری اور مظفر آباد شامل ہیں، بھارت 2023 کی ورلڈ کپ ٹرافی لداخ کے متنازع علاقے کیسے لے گیا تھا؟

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ہمیشہ آئی سی سی اور کمرشل پارٹنرز کے ساتھ مل کر کھیل کے مفید تر مفاد میں کام کیا جبکہ اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے ساتھ ٹرافی ٹور کے لیے مکمل رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اعتراض کیا تھا کہ ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد کے شہروں میں نہ لے جایا جائے۔

ٹائمز آف انڈیا نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی بورڈ کے اعتراض پر پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کشمیر لے جانے سے روک دیا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *