کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس بندش اور پریشر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے آئے روز حادثات ہورہے ہیں۔ گیس پریشر میں کمی اور بندش نے صارفین کا جینا حرام کر رکھا ہے ۔ شدید سردی میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں خواتین، بچے، بزرگوں کو سردی کے موسم میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بغیر اطلاع گیس بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے گیس لیکج حادثات رونما ہورہے ہیں اور لوگوںکی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔
کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے کلی کمالو سریاب ، برمہ ہوٹل سمیت ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔ بلوچستان کے علاقے سوئی سے گیس نکلنے کے باوجود لوگ اس جدید دور میں سوختنی لکڑی ، کوئلہ جلاکر گزر بسر کررہے ہیں جوکہ عوام کے ساتھ مذاق اور انہیں وسائل سے محروم رکھنے کی سازش ہے۔ عوامی حلقوں نے گیس حکام سے اپیل کی کہ گیس بندش کے خاتمے اور پریشرکے ساتھ گیس کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔