کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے دس سال مکمل ہونے پر معصوم شہداء اور ان کے خاندانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ المناک سانحہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد کرنے کا سبب بنا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء اے پی ایس کی قربانیاں قوم کو ہمیشہ یاد رہیں گی، اور ان کے درد آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور اسے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد کی یاد دہانی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے عفریت کو مکمل طور پر ختم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
سانحہ اے پی ایس کے دس سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے قوم سے دہشت گردی کے خلاف اتحاد اور استقامت برقرار رکھنے کی اپیل کی۔