|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

کوئٹہ:صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمان کھیتران نے آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش واقعہ کو ملکی تاریخ کا نہایت اندوہناک سانحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے طلبااور اساتذہ کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔

آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی اور پوری قوم ،حکومت اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کر دیا ۔ شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔

16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش سانحہ کی دسویں برسی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہاکہ آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم طالب علموں کو بے دردی سے قتل کیا۔ وزیر پی ایچ ای نے کہا کہ اس المناک واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے ، حکومتی ، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔

صوبائی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں بہترین کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گواہ ہے کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں قوم کے دیگر سپوتوں کی طرح ہمارے نونہالوں نے بھی جام شہادت نوش کرکے تاریخ رقم کی ۔ سردار کھیتران نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ اس دن ان کے جگرگوشے ہمیشہ کے لئے ان سے جدا ہو گئے مگر انہوں نے قربانی کی ایک ایسی داستان رقم کی جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے صبروتحمل اور استقامت کا پہاڑ بن کر اپنے جگر گوشوں کی جدائی برداشت کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *